آندھراپردیش میں وقف بورڈ کے تقرر کا معاملہ ہائی کورٹ میں زیردوران،نئے صدرنشین کے اعلان پر تنازعہ

   

حیدرآباد ۔26۔ ستمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے نامزد عہدوں پر تقرر کا عمل شروع کرتے ہوئے 20 مختلف کارپوریشنوں اور بورڈس کے صدورنشین کے تقرر کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے جن 20 اداروں کے صدورنشین کے ناموں کو قطعیت دی ہے ، ان میں وقف بورڈ ، اسپورٹس اتھاریٹی آف آندھراپردیش ، ہاؤزنگ بورڈ ، انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن ، ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آر ٹی سی اور سیول سپلائیز کارپوریشن شامل ہیں۔ حکومت نے نیلور ضلع سے تعلق رکھنے والے عبدالعزیز کو آندھراپردیش وقف بورڈ کا صدرنشین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چیف منسٹر کے دفتر سے صدور نشین کی جو فہرست جاری کی گئی، اس سے قبل متعلقہ محکمہ جات سے مشاورت نہیں کی گئی۔ وقف بورڈ کے صدرنشین کو نامزد کرنے کا حکومت کو اختیار نہیں ہے بلکہ بورڈ کے ارکان نئے صدرنشین کا انتخاب کرتے ہیں۔ انتخابی مرحلہ کے قواعد کو فراموش کرتے ہوئے حکومت نے راست طور پر صدرنشین کے نام پر اعلان کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش میں وقف بورڈ موجود ہے اور صدرنشین و ارکان کی برقراری کا معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے۔ ہائی کورٹ میں تنازعہ کی یکسوئی کے بغیر صدرنشین کا تقرر نہیں کیا جاسکتا ۔ اطلاعات کے مطابق محکمہ اقلیتی بہبود نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے دفتر کو رپورٹ روانہ کی ہے۔ 1