آندھراپردیش میں 2047 ء تک کے ویژن ڈاکومنٹ کی 2 اکٹوبر کو اجرائی

   

کلکٹرس کانفرنس سے چندرابابو نائیڈو کا خطاب، دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے دیہاتوں تک پہونچنے کی ہدایت
حیدرآباد 5 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے اعلان کیاکہ ریاست کی ترقی سے متعلق اے پی ویژن ڈاکومنٹ 2 اکٹوبر کو جاری کی جائے گی جس کے تحت ریاست کے تمام علاقوں کی ترقی کا منصوبہ پیش کیا جائے گا۔ چندرابابو نائیڈو آج امراوتی میں کلکٹرس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ برسر اقتدار آنے کے بعد پہلی مرتبہ کلکٹر کانفرنس طلب کی گئی جس میں ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان اور ریاستی وزراء نے شرکت کی۔ چندرابابو نائیڈو نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ وہ صرف کلکٹریٹس تک محدود رہنے کے بجائے بنیادی سطح تک پہونچ کر عوامی ضرورتوں کا جائزہ لیں۔ اُنھوں نے کہاکہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے کلکٹرس کو دیہی علاقوں تک پہونچنا چاہئے۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ وہ خود بھی بڑے جلسوں اور پروگراموں سے گریز کریں گے اور جلد ہی اچانک دورے شروع کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لیں گے۔ نائیڈو نے حیدرآباد کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات کا حوالہ دیا اور کہاکہ حیدرآباد کی ترقی تلگودیشم دور حکومت کا کارنامہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام نے امراوتی کی ترقی کیلئے تلگودیشم کو منتخب کیا ۔ اُنھوں نے کہاکہ عہدیداروں کو حکومت کے منصوبے کی تکمیل کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ عہدیداروں کی سطح پر کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے اور تلگودیشم حکومت کے ویژن کو دیکھتے ہوئے کئی خانگی ادارے آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔ نائیڈو نے کہاکہ سابق حکومت کے 5 سالہ دور میں ہر کسی کو نقصان ہوا ہے۔ ترقی اور فلاح و بہبود کے بجائے بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا دور رہا۔ چیف منسٹر نے کلکٹرس سے کہاکہ آپ کے فیصلوں سے عوام کی زندگی میں تبدیلی آسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم تمام کو سخت محنت کرتے ہوئے 2047 ء تک آندھراپردیش کو ہندوستان کی نمبر ون ریاست بنانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق دور حکومت میں آندھراپردیش برانڈ کو نقصان پہنچایا گیا اور ہر کسی کے ساتھ بلیک میل کا رویہ تھا۔ نائیڈو نے کہاکہ حکومت کی سطح پر آمدنی میں اضافہ پر توجہ دی جارہی ہے۔ 1