آندھرا۔ تلنگانہ بین ریاستی بسوں کے آغاز میں تاخیر

   

عوام کومشکلات کا سامنا، دونوں ریاستوں میں معاہدہ کا انتظار
حیدرآباد : مرکز کی جانب سے لاک ڈاؤن کی رعایتوں میں بتدریج کمی اور تجارتی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے باوجود تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عوام بین ریاستی بس سرویس سے محروم ہیں۔ دونوں ریاستوں کے درمیان بس سرویس کی بحالی کے لئے کوئی معاہدہ طئے نہیں پایا جس کے نتیجہ میں روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں دونوں ریاستوں میں صرف اضلاع تک محدود ہوچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ریاستوں کے کارپوریشنوں کے درمیان بسوں کی بحالی کے مسئلہ پر بہت جلد معاہدہ کو قطعیت دی جائے گی ۔ بس سرویس کی بحالی کے لئے ریاست کی تقسیم کے بعد جو معاہدہ ہونا تھا ، وہ ابھی تک نہیں ہوا ہے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آندھراپردیش آر ٹی سی کو تلنگانہ میں سرویس سے زیادہ فائدہ حاصل ہورہا ہے۔ برخلاف اس کے آندھراپردیش میں تلنگانہ کی بس سرویس سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہے ۔ دونوں ریاستوں کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا لیکن بس سرویس کی بحالی پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔ لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد بین ریاستی بس سرویسز منسوخ کردی گئیں۔ تجارت اور دیگر اغراض کے لئے دونوں ریاستوں کے درمیان لاکھوں افراد کی آمد و رفت ہے۔ ریاست کی تقسیم کے باوجود آندھرا سے تعلق رکھنے والے بیشتر خاندان حیدرآباد میں مقیم ہیں اور کئی اداروں کی تجارتی سرگرمیاں حیدرآباد سے جاری ہیں۔ تلنگانہ سے زیادہ تر لوگ تروپتی ، وجئے واڑہ ، مشرقی گوداوری ، سری کلا ہستی اور چتور میں مندروں کے درشن کیلئے جاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش کی بسیں تلنگانہ میں ایک لاکھ 11 ہزار کیلو میٹر کا احاطہ کرتی ہیں جبکہ آندھراپردیش میں تنلگانہ آر ٹی سی کی خدمات محدود ہیں۔ آندھراپردیش آر ٹی سی کے عہدیداروں نے آئندہ ہفتہ بس سرویس کی بحالی پر دوبارہ اجلاس کا اشارہ دیا ہے۔ تلنگانہ آر ٹی سی کو آندھراپردیش ، کرناٹک اور ٹاملناڈو میں بس خدمات سے روزانہ تقریباً 4 کروڑ روپئے کی آمدنی تھی۔ بس سرویس کی بحالی کے نتیجہ میں نہ صرف آر ٹی سی کو فائدہ ہوگا بلکہ دونوں ریاستوں کے عوام کو سفر میں آسانی ہوگی۔

امبیڈکر اوپن یونیورسٹی داخلے
آخری تاریخ میں توسیع
حیدرآباد :۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں انڈگر گریجویشن کورسز بی اے ، بی کام ، بی ایس سی کے ساتھ ایم اے ، ایم کام ، ایم ایس سی ، سائیکلوجی ، باٹنی ، زوالوجی ، میاتھس ، کیمسٹری میں داخلے کے لیے آخری تاریخ میں 10 ستمبر تک توسیع کی گئی ہے ۔ جو امیدوار تاحال داخلے حاصل نہ کئے توسیع شدہ تاریخ سے استفادہ کریں ۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے ایم اے حمید سے 4 تا 7 بجے شام محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر شخصی رابطہ اسنادات زیراکس کے ساتھ رجوع ہوسکتے ہیں ۔ امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے ڈگری اہلیتی امتحان کے فارمس کے ادخال کی آخری تاریخ میں بھی 31 اگست تک توسیع کی گئی ہے ۔۔