منورو کاپو طبقہ بی جے پی کا نور نظر ، ڈاکٹر لکشمن کو راجیہ سبھا امیدوار بنانے میں بھی حکمت
حیدرآباد۔یکم۔جون۔(سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی دونوں تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں طبقاتی اعتبار سے موجود آبادیوں کو قریب کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔منور کاپو طبقہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا نورنظر بنا ہوا ہے۔ راجیہ سبھا کے لئے ریاست تلنگانہ کے بی جے پی قائد ڈاکٹر کے لکشمن کا اترپردیش سے انتخاب یقینی بنانے کا اقدام بھی دراصل منورو کاپو رائے دہندوں کو قریب کرنے کی کوشش کا ہی حصہ ہے۔ ریاست تلنگانہ میں منورو کاپو طبقہ کی دوسری بڑی آبادی ہے جبکہ تیسری بڑی آبادی کا تعلق مدیراج طبقہ سے ہے۔ بھارتیہ جنتاپارٹی کی جانب سے منورو کاپو کے ذریعہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں بھی اس طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو قریب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ڈاکٹر کے لکشمن جنہیں بھارتیہ جنتا پارٹی نے قومی سطح پر بی جے پی او بی سی شعبہ کا صدرنشین بنایاتھا اب انہیں اترپردیش سے راجیہ سبھا رکن بناتے ہوئے دونوں تلگو ریاستوں میں موجود منورو کاپو طبقہ کو قریب کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ایسا نہیں ہے کہ اس طبقہ کو نظرانداز کیا جاتا رہاہے بلکہ بی جے پی کی جانب سے تلنگانہ میں دوسری اور تیسری بڑی آبادیوں کو نشانہ بناتے ہوئے پارٹی کو مستحکم کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ بی جے پی ریاستی صدر بنڈی سنجے ‘ رکن پارلیمنٹ نظام آباد ڈی اروند اور اب ڈاکٹر کے لکشمن منورو کاپو طبقہ سے تعلق رکھنے والے ہیں جبکہ مدیراج طبقہ سے تعلق رکھنے والوں میں رکن اسمبلی حضورآباد ایٹالہ راجندر موجود ہیں۔ تلنگانہ میں ریڈی طبقہ کو قریب کرنے کے لئے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی ہیں جبکہ ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والے عادل آباد رکن پارلیمنٹ سوئم باپو موجود ہیں۔ ریاست تلنگانہ کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں بھی پارٹی کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس مقصد کے لئے منورو کاپو طبقہ کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی دی جا رہی ہے کیونکہ ریاست آندھراپردیش میں بھی منورو کاپو طبقہ کی خاطر خواہ آبادی موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے بی جے پی کی جانب سے ڈاکٹر کے لکشمن کو راجیہ سبھا روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔م
منوروکاپو طبقہ میں سرکردہ سیاسی قائدین
حیدرآباد۔یکم۔جون۔(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے منورو کاپو قائدین جو مختلف سیاسی جماعتوں بالخصوص بھارتیہ جنتا پارٹی ‘ کانگریس اور تلنگانہ راشٹر سمیتی میں موجود ہیں ۔ان میں بی جے پی ریاستی صدر بنڈی سنجے‘ رکن پارلیمنٹ نظام آباد ڈی اروند‘ رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن شامل ہیں اس کے علاوہ تلنگانہ کانگریس میں منورو کاپو قائدین ہنمنت راؤ‘ پنالہ لکشمیا‘کے علاوہ تلنگانہ راشٹر سمیتی میں مئیر جی ایچ ایم سی جی وجے لکشمی ‘ مسٹر کے کیشو راؤ‘ کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔م