آندھرا پردیش: کوویڈ۔19 سے فوت شدہ افراد کی آخری رسومات کیلئے 15 ہزار روپے دینے وائی ایس جگن موہن ریڈی کا اعلان

,

   

وجئے واڑہ (آندھرا پردیش): وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے منگل کے روز اعلان کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کوویڈ۔19 سے مرنے والوں کی آخری رسومات ادا کرنے کیلئے 15 ہزار روپے دئے جائیں گے۔ انہوں نے ایک اعلی سطحی اجلاس میں یہ بات کہی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مرنے والوں کی آخری رسومات کیلئے15 ہزار روپے دئے جائیں اور اس سلسلہ میں ضروری کارروائی جلد از جلد مکمل کریں۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ان دواخانوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا جو دواخانے کوویڈ۔19 کے مریضوں کا علاج کرنے سے انکار کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اندرون ایک ہفتہ کورونائن مراکز کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کا جائزہ لیں اور شکایات وصول کرنے کیلئے ایک کال سنٹر کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کوئی بھی ہاسپٹل کوویڈ۔19 کے مریضوں کا علاج کرنے سے منع نہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کورنٹائن مراکز میں صاف صفائی کا خصوصی انتظام کریں اور مریضوں کو دئے جانے والی غذاؤں کا معیار، دوائیں اور ان کے حفظان صحت کا خاص خیال رکھیں۔

انہوں نے اس بات کا اشارہ دیا کہ آنے والے دنوں میں ریاست میں طبی عملہ کی کثیر تعداد میں ضرورت پڑسکتی ہے۔ اس اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ و وزیر صحت الانینی، چیف سکریٹری نیلم ساہنی، ڈی جی پی گوتم سوانگ، میڈیکل و ہیلت اسپیشل سکریٹری کے ایس جاور ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اپوزیشن جماعت تلگو دیشم پارٹی کورونا وائرس (کوویڈ۔19) مرنے والوں کی نعشوں کے ساتھ ناروا سلوک کئے جانے کے الزام کے بعد ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔