کھمم میں 18 جنوری سے آغاز، تمام محکمہ جات میں بہتر تال میل کی ہدایت
حیدرآباد 16 جنوری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار کے ہمراہ ضلع کلکٹر، کمشنر پولیس، سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور میڈیکل اینڈ ہیلت کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ 18 جنوری سے ریاست بھر میں شروع ہونے والے آنکھوں کی روشنی پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر 18 جنوری کو کھمم میں کنٹی ویلگو (آنکھوں کی روشنی) پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِس پروگرام کو ریاست بھر میں عمل آوری کے لئے ضلع کلکٹرس اور دیگر محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ چیف سکریٹری کے مطابق 19 جنوری سے ریاست کے تمام اضلاع میں قائم کردہ خصوصی مراکز پر عوامی نمائندوں کے تعاون سے آنکھوں کے معائنے کئے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے مفت عینکوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری کے مطابق آنکھوں کے معائنے کیلئے 15 ہزار اسٹاف کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ تمام اضلاع میں معائنے کی مشینوں اور عینکوں کو تقسیم کے لئے تیار رکھا گیا ہے۔ کنٹی ویلگو پروگرام کے دوسرے مرحلہ کی کامیابی کے لئے ضلع کلکٹرس کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ آنکھوں کے معائنہ کے سلسلہ میں بہتر خدمات فراہم کی جائیں اور عوام کو انتظار کی زحمت سے بچایا جائے۔ شانتی کماری نے کہاکہ 2018 ء میں آنکھوں کی روشنی پروگرام کے پہلے مرحلہ میں جو ریکارڈ قائم کئے گئے تھے اُس سے زیادہ دوسرے مرحلہ میں کارکردگی ہونی چاہئے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ شخصی طور پر اِس پروگرام کی نگرانی کریں۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے کھمم سے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے عہدیداروں سے کہاکہ وہ مریضوں کے لئے بہتر سہولتوں کو یقینی بنائیں۔ ہر ضلع میں طے شدہ مراکز پر میڈیکل اسٹاف کو وقت سے پہلے پہونچنے کی ہدایت دی جائے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے محکمہ جات پولیس اور صحت کے درمیان بہتر تال میل کو ضروری قرار دیا تاکہ اسکریننگ ٹسٹ کیلئے میڈیکل کیمپس پر ہجوم پر قابو پایا جاسکے۔ کمشنر ہیلت نے تمام ضلع کلکٹرس کو پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ سکریٹری محکمہ صحت سید علی مرتضیٰ رضوی، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، کمشنر راچہ کنڈہ ڈی ایس چوہن اور دیگر عہدیدار ویڈیو کانفرنس میں شریک تھے۔ ر