متبادل پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کرنے طلبہ سے اپیل
حیدرآباد : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج سے ریاست میں آن لائن تعلیمی سال کے آغاز پر ٹوئٹکرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ میں نئے تعلیمی دور کی شروعات ہوئی ہے ۔ تعلیمی چیانل کے ذریعہ تیسری تا دسویں جماعت کے طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم دی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ T.SAT چیانلس ، کیبل نیٹ ورکس ، ڈی ٹی ایچ ، وائر ، وائیر لیس براڈ بیانڈ پلیٹ فارمس یہ تعلیم دستیاب ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ابھی تک 4لاکھ افراد نے ٹی شیاٹ ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا ہے جبکہ یو ٹیوب چیانلس کے 4.3لاکھ سبسکرائبرس موجود ہیں ۔ ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج صبح 7:45 بجے رامنتاپور دور درشن کیندر سے تلنگانہ کے تمام اسکولس کیلئے ڈیجیٹل تعلیمی نشریات کا آغاز کیا ہے ۔ آن لائن تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ تعلیمات نے پہلے ہی رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں اور 27 اگست سے ٹیچرس اس کی تیاری کررہے ہیں ۔ ٹی وی رکھنے اور نہ رکھنے والے طلبہ کو علحدہ علحدہ طور پر تقسیم کیا گیا ہے ۔ ٹیلی ویژن نہ رکھنے والے طلبہ کیلئے اسکول پوئنٹس اور گرام پنچایتوں کو متبادل مراکز کے طور پر تقسیم کیا گیا ہے ۔ محکمہ تعلیم کے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ ریاست میں 92 فیصد طلبہ کے گھروں میں ٹی وی موجود ہیں جن 8فیصد طلبہ کے گھروں میں ٹی وی نہیں ہے ان کیلئے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں ۔ آن لائن تعلیم کے بارے میں محکمہ تعلیمات نے بڑے پیمانے پرتشہیر کی ہے ۔ اس کے علاوہ مختلف اسکولس کے ٹیچرس طلبہ کے والدین کو فون کر کے آن لائن تعلیم کے بارے میں معلومات فراہم کررہی ہیں۔ ٹیچرس تنظیموں نے بھی آن لائن تعلیم فراہم کرنے کے چیف منسٹر کے سی آر کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔