آوٹر رنگ روڈ پر سبزہ زار میں اضافہ کی ہدایت

   

ائرپورٹ روڈ کی طرح خوبصورت بنانے پر زور، اروند کمار کا اجلاس
حیدرآباد 19 فبروری ( این ایس ایس ) پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے آج آوٹر رنگ روڈ کے کاموں اور نگہداشت سے متعلق کنٹراکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور ان سے کہا کہ وہ آوٹر رنگ روڈ کے دونوں جانب سبزہ زار میں اضافہ کرنے کیلئے اندرون چار ہفتے اقدامات کریں۔ انہوں نے کنٹراکٹرس سے کہا کہ آوٹر رنگ روڈ کے دونوں جانب سبزہ زار کو بڑھانے کیلئے اگر ضروری ہو تو اسٹاف کا اضافہ کیا جائے اور پودوں کی صفائی کے مشین وغیرہ بھی حاصل کرلیں۔ مسٹر اروند کمار نے ان سے کہا کہ ائرپورٹ جانے والی سڑک پر جس طرح صفائی اور سبزہ زار کا خیال رکھا جاتا ہے اسی طرح ساری آوٹر رنگ روڈ کی نگہداشت ہونی چاہئے اور اس کی خوبصورتی کا بھی خیال رکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ساری او آر آر پر صفائی کیلئے موثر انتظامات ہونے چاہئیں۔ کچرے اور ملبہ کو ہٹانے پر توجہ دی جانی چاہئے اور درمیان میں جو راستے ہیں ان کو سائنٹفک انداز میں صاف کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پودوں کو پانی دینے کیلئے بھی باقاعدہ انتظام ہونا چاہئے ۔ ایچ ایم ڈی اے کے چیف انجینئر بی ایل این ریڈی ‘ ڈائرکٹر اربن فاریسٹری سرینواس اور دوسرے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ قبل ازیں پرنسپل سکریٹری نے جی ایچ ایم سی حدود میں موجود گھڑیوں کی بحالی اور مرمت کے تعلق سے ایک اجلاس منعقد کیا ۔