نئی دہلی ۔ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے پہلے ہی دہلی میں سیاسی ہلچل زور پکڑ گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے سابق چیف منسٹر اروند کیجریوال نے منگل کو ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے آٹو ڈرائیوروں کے لیے 10 لاکھ روپے کا لائف انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بیٹی کی شادی پر ایک لاکھ روپے کی امداد بھی دی جائے گی۔سابق چیف منسٹراروند کیجریوال نے کہا کہ میں نے آٹو ڈرائیور کا نمک کھایا ہے۔ آج میں ان کے لیے پانچ بڑے اعلانات کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اگر دہلی میں ہماری حکومت بنتی ہے تو حکومت آٹو ڈرائیور کی بیٹی کی شادی کے لیے ایک لاکھ روپے دے گی۔ ساتھ ہی، انہیں سال میں دو بار ہولی اور دیوالی پر یونیفارم کے لیے 2500 روپے کی الگ رقم دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے ان کے بچوں کی کوچنگ کا تمام خرچ حکومت برداشت کرے گی۔نیز ان کے گھر لڑکی کی شادی پر مالی مدد فراہم کی جائے گی ۔