آپسی اختلافات اور گروہ بندیوں پر وزیراعظم نریندر مودی کی ناراضگی

   

تلنگانہ میں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کا یقین،پارٹی ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی سے نئی دہلی میں ملاقات
حیدرآباد ۔28۔نومبر (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے بی جے پی عوامی نمائندوں کو ہدایت دی کہ آپسی اختلافات اور گروہ بندیوں سے گریز کرتے ہوئے ریاست میں پارٹی کو برسر اقتدار لانے کی مساعی کریں۔ تلنگانہ کے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی اور کونسل نے نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ریاست کی سیاسی صورتحال سے واقف کرایا۔ وزیراعظم نے بی جے پی قائدین کو باہمی اتحاد کا مشورہ دیا اور کہا کہ اتحاد کی کمی کے نتیجہ میں بی جے پی تلنگانہ میں برسر اقتدار آنے سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ طور پر مساعی کے ذریعہ پارٹی کو برسر اقتدار لایا جاسکتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت سے تمام عاجز آچکے ہیں اور ایک سالہ کارکردگی سے مایوس ہیں۔ وزیراعظم نے تلنگانہ میں پارٹی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بی جے پی کے امکانات کو روشن قرار دیا اور کہا کہ ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا اقتدار یقینی ہے ۔ انہوں نے عوامی نمائندوں سے کہا کہ کانگریس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور کانگریس سے تلنگانہ کی عوام مایوس ہوچکے ہیں اور بی جے پی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے عوامی نمائندوں کو یقین دلایا کہ ان کے حلقہ جات کی ترقی میں مرکز اپنا تعاون پیش کرے گا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت کی ناکامیوں کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کے کارناموں سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ وزیراعظم نے تلنگانہ قائدین سے ملاقات کا سوشیل میڈیا پلیٹ فارم X پر تصویر کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ تلنگانہ کے ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ کے ساتھ میری خواشگوار ملاقات رہی۔ اطلاعات کے مطابق 30 منٹ تک وزیراعظم کے ساتھ بی جے پی قائدین کی ملاقات رہی اور تقریباً 20 منٹ تک وزیراعظم نے بی جے پی قائدین میں اتحاد پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے گروہ بندیوں اور ڈسپلن شکنی کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قائدین میں اختلافات سے پارٹی کو نقصان ہوا ہے ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ یکم ڈسمبر سے ریاست گیر سطح پر کانگریس حکومت کی ناکامیوں کے خلاف مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے ساتھ گروپ اور انفرادی تصویر کھچوائی ۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ اسمبلی میں بی جے پی کے فلور لیڈر مہیشور ریڈی اپنی دختر کی شادی کے انتظامات کے سبب نئی دہلی نہیں پہنچے۔ 1