لکھنو: اتر پردیش کے آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر ایک خوفناک بس حادثہ پیش آیا ہے۔ 8 افراد ہلاک اور 19 افراد شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ واقعہ قنوج ضلع میں پیش آیا۔ ڈبل ڈیکر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ بس اور ٹینکر میں فوراً آگ لگ گئی۔مقامی انتظامیہ کو واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی اور راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔بتایا جا رہا ہے کہ بس میں کل 40 مسافر سوار تھے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو سیفائی میڈیکل کالج بھیج دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بس بے قابو ہو کر ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ آس پاس موجود لوگوں نے فوری امدادی کام شروع کر دیا۔ اس پورے معاملے پر قنوج کے ایس پی امت کمار آنند نے کہا کہ اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 8 ہے، جب کہ 19 لوگ زخمی ہیں۔ تاہم ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔