ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کے لئے 17کروڑ بجٹ کی اجرائی

   

دو ماہ کے بقایہ جات اکاؤنٹ میں منتقل ، جون کا اعزازیہ اندرون ایک ہفتہ جاری ہوگا
(سیاست کی مؤثر نمائندگی کا اثر)
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے آئمہ اور مؤذنین کے دو ماہ کے اعزازیہ کی رقم جاری کردی گئی ہے جبکہ تیسرے ماہ کی رقم اندرون ایک ہفتہ جاری کردی جائے گی۔ عیدالاضحی سے قبل آئمہ اور مؤذنین کے تین ماہ کے بقایہ جات کی ادائیگی کیلئے روزنامہ سیاست نے اپنی رپورٹ کے ذریعہ حکومت کی توجہ مبذول کرائی تھی۔ سیاست میں خبر کی اشاعت کے بعد وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وزیر فینانس ہریش راؤ سے نمائندگی کی اور عید سے قبل تین ماہ کے بقایہ جات کی ادائیگی کیلئے درکار بجٹ جاری کرنے کی خواہش کی ۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو گرانٹ ان ایڈ کے تحت وقف بورڈ کو بجٹ جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ محکمہ فینانس نے 17 کروڑ کا بجٹ جاری کیا جس کے تحت تین ماہ کے بقایہ جات کی ادائیگی بآسانی ممکن ہے ۔ وقف بورڈ کو اپریل ، مئی اور جون کے بقایہ جات کیلئے 15 کروڑ کی ضرورت تھی۔ بجٹ کی اجرائی کے فوری بعد عید کی تعطیلات کے سبب اعزازیہ کی رقم آئمہ اور مؤذنین کے اکاؤنٹس میں جمع نہیں کی جاسکی۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے بتایا کہ اپریل اور مئی کی رقم سے متعلق چیکس بینک کو روانہ کردیئے گئے ہیں اور اندرون 24 گھنٹے دو ماہ کا بقایہ 10 ہزار روپئے ائمہ ٰ مؤذنین کے اکاؤنٹ میں پہنچ جائیگا۔ جون کا اعزازیہ اندرون ایک ہفتہ جاری کردیا جائیگا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں تقریباً 10 ہزار ائمہ اور مؤذنین کو ماہانہ 5000 روپئے اعزازیہ دیا جاتا ہے ۔ ائمہ کی تعداد 5352 ہے جبکہ 4548 مؤذنین اسکیم سے استفادہ کر رہے ہیں۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے اعتراف کیا کہ روزنامہ سیاست کی بروقت اور مؤثر توجہ دہانی کے نتیجہ میں محکمہ فینانس سے بجٹ کی اجرائی ممکن ہوسکی۔ ر