نئی دہلی: ہندوستان میں پہلی بار ڈیجیٹل میڈیا کو بھی میڈیا کی رجسٹریشن کے نئے قانون میں شامل کیا جا رہا ہے، جو اس سے پہلے کبھی کسی حکومتی ضابطے کا حصہ نہیں رہا۔اگر بل منظور ہوجاتا ہے تو، ڈیجیٹل نیوز سائٹس کو رجسٹریشن کی منسوخی اور جرمانے سمیت خلاف ورزی پر کاروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے پریس اینڈ پیریڈیکل بل کی رجسٹریشن میں ترمیم کا عمل شروع کر دیا ہے اور کسی بھی الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ ڈیجیٹل میڈیا پر آنے والی خبروں کو بھی اپنے دائرہ کار میں شامل کر لیا ہے۔ڈیجیٹل نیوز پبلشرز کو رجسٹریشن کیلئے درخواست دینی چاہیے اور قانون کے نافذ ہونے کے 90 دنوں کے اندر ایسا کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ڈیجیٹل پبلشرز کو پریس رجسٹرار جنرل کے پاس رجسٹریشن کرانا ہو گی، جس کے پاس خلاف ورزی کی صورت میں مختلف اشاعتوں کیخلاف کاروائی کا اختیار ہوگا۔وہ رجسٹریشن کو معطل یا منسوخ کر سکتے ہیں اور جرمانہ بھی عائد کر سکتے ہیں۔حکام کے مطابق پریس کونسل آف انڈیا کے چیئرمین کیساتھ ایک اپیلٹ بورڈ کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ڈیجیٹل میڈیا اب تک کسی قانون یا ضابطے کے تابع نہیں ہے۔ یہ ترامیم ڈیجیٹل میڈیا کو وزارت اطلاعات و نشریات کے کنٹرول میں لے آئیں گی۔وزیر اعظم آفس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے بل کی منظوری ہونا باقی ہے۔