اترپردیش کی یوگی حکومت جرائم پر قابو پانے میں ناکام:پرینکا گاندھی

,

   

اترپردیش کی یوگی سرکار کے نظم ونسق کے حوالے سے اور انتظامیہ کی لا پرواہی کو لے کر کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے یوگی حکومت کو اڑے ہاتھ لیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ آپ اتر پردیش حکومت کے دعوؤں اور ان کی حقیقت کو ملا کر دیکھیں۔ بی جے پی حکومت ہر روز ریاست کو جرائم سے پاک کرنے کا ڈھول پیٹ رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ 22 دنوں میں 12 گولی باری کے واقعات، 4 قتل اور خواتین پر استحصال کی خبروں کی بھرمار ہے۔ ریاستی حکومت کا جرائم پر کوئی قابو نہیں ہے۔

کچھ روز قبل پرینکا گاندھی نے مین پوری کے حوالے سےٹویٹ کرکے کہا تھا کہ ’مین پوری جواہر نوودے اسکول کا یہ واقعہ افسوس ناک ہے۔ ہمیں نوجوانوں کے تئیں حساس ہونا چاہیے۔ نوودے اسکولوں میں اس طرح کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ ہمیں بیدار ہو کر اس کا حل نکالنا پڑے گا۔ غورطلب ہے کہ مین پوری کے جواہر نوودے اسکول میں ایک 16 سالہ لڑکی نے کچھ دن پہلے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی تھی۔

پرینکا نے صوبہ کے نظم و نسق پر اس وقت بھی اواز اٹھایا جب بابا صاحب امبیڈکر کا مجسمہ اکھاڑ پھینکا گیا، انکا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے اتر پردیش میں بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمہ کو غیر سماجی عناصر نے توڑا تھا۔ اب جالون میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو توڑا گیا۔ مجسمہ توڑنے والے بزدل! زندگی میں یہی تمہاری کامیابی ہے کہ رات کے اندھیرے میں چھپ کر تم ملک کی عظیم شخصیات کی بے عزتی کرنے کی کوشش کرتے ہو؟ مجسموں پر حملہ کر کے ان عظیم شخصیات کی عظمت کا ایک ذرا سا حصہ بھی تم ہلا نہیں سکتے۔