اترپردیش کے گاؤں میں امبیڈکر کے مجسمہ کی بے حرمتی

   

بھدوئی۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع بھدوئی کے لکشمنا گاؤں میں دلت قائد بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا گیا جس کے نتیجہ میں اطراف کے علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس رویندر ورما نے کہا کہ ہفتہ کی صبح اورائی پولیس اسٹیشن کے حدود کے تحت ایک دلت بستی میں نصب شدہ 6 فیٹ بلند مجسمہ کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعدد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی اور سارے علاقہ کے لوگ اس مقام پر جمع ہوگئے۔ جس کے ساتھ پولیس وہاں پہنچ گئی اور ایک نیا مجسمہ نصب کیا جارہا ہے۔ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ایک شکایت موصول ہوئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں اور گاؤں میں زائد پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے۔