دو ماہ سے پانی کی عدم نکاسی باعث شرم،حکومت کے رویہ پر متاثرین کی برہمی
حیدرآباد: صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے مہیشورم اسمبلی حلقہ کے عثمان نگر علاقہ کا دورہ کیا جہاں گزشتہ دو ماہ سے سینکڑوں مکانات پانی میں محصور ہیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی ، فیروز خاں ، نرسمہا ریڈی ، ڈی بھاسکر اور دیگر قائدین کے ہمراہ اتم کمار ریڈی نے عثمان نگر کے علاقہ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ۔ گزشتہ دو ماہ سے سینکڑوں مکانات پانی میں گھرے ہوئے ہیں اور حکومت کی جانب سے پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ۔ متاثرین نے شکایت کی کہ بارش کے متاثرین کو جو امداد جاری کی گئی ، وہ ان تک نہیں پہنچی ہے۔ حکام سے بارہا نمائندگی کی گئی ۔ حتیٰ کہ مقامی رکن اسمبلی جو وزیر تعلیم ہیں ، انہوں نے دورہ کرتے ہوئے پانی کا نکاسی کا وعدہ کیا تھا۔ ریاستی وزیر سبیتا اندرا ریڈی کے رویہ پر مقامی عوام نے ناراضگی جتائی اور کہا کہ کانگریس قائدین کی جانب سے ضلع کلکٹر کو بارہا توجہ دلائی گئی لیکن پانی کی نکاسی پر کسی نے توجہ نہیں دی۔ مکانات کے پانی میں محصور رہنے سے بنیادیں کمزور ہونے کا خطرہ لاحق ہوچکا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جائے گی اور پانی کی نکاسی کے لئے حکام سے نمائندگی ہوگی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دو ماہ تک مکانات میں پانی کا برقرار رہنا حکومت کیلئے باعث شرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ کسی سازش کا حصہ ہو ورنہ دو ماہ تک حکام کا کوئی کارروائی نہ کرنے ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں مکانات پانی میں گھرے ہوئے ہیں اور عوام کو سڑکوں پر زندگی بسر کرنا پڑ رہا ہے۔اتم کمار ریڈی کے دورہ کے موقع پر مقامی عوام نے حکومت کے رویہ پر شدید برہمی کااظہار کیا ۔