اتم کمار ریڈی کی جسٹس پی چندرا گھوش تحقیقاتی کمیشن سے ملاقات

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گڈا ، انارم اور سندیڈلا بیاریجس کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والے جسٹس پی چندرا گھوش کمیشن سے ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے آج ملاقات کی ۔ کمیشن نے آج سے اپنی تحقیقات کا آغاز کردیا اور پہلے ہی دن وزیر آبپاشی نے جسٹس چندرا گھوش سے ملاقات کرتے ہوئے بیاریجس کی تعمیرات میں نقائص سے واقف کرایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے کالیشورم پراجکٹس کی تفصیلات سے کمیشن کو واقف کراتے ہوئے جلد از جلد تحقیقات کی تکمیل اور رپورٹ پیش کرنے کی خواہش کی ۔ اتم کمار ریڈی نے حکومت کی جانب سے کمیشن کی جانب سے طلب کردہ تمام تفصیلات اور سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جسٹس چندرا گھوش سے ملاقات کو اتم کمار ریڈی نے خیر سگالی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے تحت تعمیر کئے گئے بیاریجس میں نقائص کی جانچ کرنے کیلئے حکومت نے ریٹائرڈ جج سپریم کورٹ کی قیادت میں کمیشن قائم کیا ہے۔ اسی دوران جسٹس گھوش کمیشن کا آج پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسپیشل سکریٹری پرشانت پاٹل انجنیئر انچیف انیل کمار ، ناگیندر راؤ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ میڈا گڈا بیاریج کے بارے میں پاور پوائنٹ پریزینٹیشن پیش کیا گیا۔ 1