رویندرا بھارتی میں موسیقی ریز ڈرامہ، دکنی شاعری، تہذیب سے نئی نسل کو واقف کروانے کا عزم
حیدرآباد۔11/اپریل۔ ( راست ) ۔ عظیم دکنی شاعر جناب سلیمان خطیب مرحوم کی ادبی اور دکنی شاعری میں ان کی گراں قدر خدمات میں ان کو خراج پیش کرنے کے لئے اتوار 12/اپریل کی شام رویندرا بھارتی میں ایک میوزیکل پروگرام ’’کیوڑے کا بن‘‘ پیش کیا جارہا ہے۔ سلیمان خطیب ٹرسٹ اور درپن تھیٹر کے اشتراک سے یہ اپنی نوعیت کا منفرد اور یادگار پروگرام ہوگا جس میں نعیم جاوید کے تحریر کردہ ڈرامے’کیوڑے کا بن‘کی ہدایت کاری علی احمد کی ہے اور جسپال سنگھ مونی نے اس کی میوزیک دی ہے۔ یہ بات سلیمان خطیب ٹرسٹ کے عہدیداروں نے آج یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔ صدر ٹرسٹ تحسین خطیب، سکریٹری ڈاکٹر شمیم ثریہ،ٹرسٹی خواجہ تمکین خطیب،علی احمدڈائریکٹر، قطب محی الدین پروڈکشن منیجر اور میوزیک ڈائریکٹر جسپال سنگھ مونی،بالی ووڈ کے نغمہ نگار بی ایم طراز، ممتاز شاعر منظر بھوپالی اور شبانہ ادیب کے علاوہ سینئر صحافی جناب ریاض احمد اور جناب زاہد فاروقی اس موقع پر موجود تھے۔ ’’کیوڑے کا بن‘‘ ڈرامہ اس انداز سے پیش کیا جارہا ہے کہ ناظرین مسکرائیں گے بھی اور قہقہے بھی لگائیں گے اور ان کی آنکھیں نم بھی ہو جائیں گی۔ طنز و مزاح اور المیہ کا یہ ایک حسین امتزاج ہے۔ جناب سلیمان خطیب کے کلام کو بالی ووڈ سے وابستہ گلوکاروں نے اپنی آواز میں پیش کیا ہے۔M/b