اجتماعی خودکشی معاملہ ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے فرزند گرفتار

   

حیدرآباد۔6۔ جنوری (سیاست نیوز) کتہ گوڑم ضلع میں ایک خاندان کی اجتماعی خودکشی کے تنازعہ میں اس وقت شدت پیدا ہوگئی جب اپوزیشن جماعتوں نے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی وی وینکٹیشور راؤ اور ان کے فرزند وی راگھویندر راؤ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ این رام کرشنا نامی شخص نے اپنے بیوی بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی سے قبل ویڈیو ریکارڈ کرکے الزام عائد کیا تھا کہ راگھویندر راؤ نے مسئلہ حل کرنے کیلئے اہلیہ کو حیدرآباد بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد حکومت اور برسر اقتدار پارٹی پر دباؤ میں اضافہ ہوگیا ۔ آخرکار رکن اسمبلی کے فرزند راگھویندر راؤ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ کتہ گوڑم پولیس نے راگھویندر راؤ کو حیدرآباد سے گرفتار کیا۔ کتہ گوڑم کے پالونچہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے رام کرشنا معاشی مسائل کا شکار تھے۔ راگھویندر راؤ نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا اور کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ان کے سیاسی کیریئر کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ خودکشی کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے پولیس نے راگھویندر راؤ کو گرفتار کرنے کے بعد حیدرآباد سے کتہ گوڑم منتقل کیا ہے۔ واضح رہے کہ وی وینکٹیشور راؤ 2018 ء اسمبلی انتخابات میں کانگریس ٹکٹ پر منتخب ہوئے تاہم بعد میں انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ر