اجمیر عرس کے موقع پرمولانا محمود مدنی کا خطاب،آج کے مشکل حالات میں خواجہ صاحب کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ

,

   

کل خواجہ کی نگری اجمیر شریف میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی اور درگاہ شریف کے ذمہ داروں کے ہاتھوں میڈیکل کیمپ کا افتتاح عمل میں آیا جو سالانہ عرس کے دوران زائرین کے لیے طبی خدمات فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں کائیڈ وشرام استھلی میں ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں مولانا محمود مدنی نے کہا کہ سلطان الہند خواجہ خواجگان و سلسلہ عالیہ چشتیہ کے امام حضرت معین الدین چشتی اجمیریؒ نے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بلاتفریق مذہب، تمام انسانوں کی خدمت کی اور اپنا میدانِ عمل دہلی کی مسلم سلطنت کو نہیں بلکہ پرتھوی راج چوہان کے’ اجمیر ‘کو بنایا اور مصائب کا پہاڑ اوڑھ کر بھی اپنے اعلی اخلاق و کردار سے لاکھوں انسانوں کو سچائی کی دولت سے مالا مال کیا ۔انہوں نے کہا زمانہ آج ہماری طرف دیکھ رہا ہے کہ ہے کوئی مصیبت زدہ کی مدد کرنے والا ، مظلوموں اور پریشان حال لوگوں کو سیدھا راستہ دکھلانے والااور نفرت کا جواب محبت دے کر دلوں کو فتح کرنے والا۔اس لیے ضرور ی ہے کہ خواجہ صاحب کی زندگی سے نصیحت حاصل کرکے ہمیں ٹوٹے دلوں کو جوڑنا ہے۔