اجیت پوار گروپ پبلسٹی مواد میں شرد پوار کی تصویر کا استعمال نہ کرے :سپریم کورٹ

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے اجیت پوار گروپ سے یہ حلف نامہ دینے کو کہا ہے کہ وہ لوک سبھا یا اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران کسی بھی تشہیری مواد پر شرد پوار کی تصویر کا استعمال نہیں کرے گا۔ جسٹس سوریہ کانت اور کے وی وشواناتھن کی بنچ نے اجیت پوار گروپ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل منیندر سنگھ سے کئی سوالات پوچھے اور انہیں ہدایت دی کہ وہ تصویر کے استعمال کے معاملے میں ہفتہ کو حلف نامہ داخل کریں۔اس ہدایت کے ساتھ سپریم کورٹ نے کیس کی اگلی سماعت 18 مارچ کو مقرر کی ہے ۔بنچ نے اجیت پوار گروپ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ منیندر سنگھ سے پوچھا کہ اس نے لوک سبھا کے آئندہ انتخابات کے پوسٹروں میں مسٹر شرد پوار کی تصویر کا کیوں استعمال کیا ۔بنچ نے کہا ”اپنی شناخت کے ساتھ رہیں۔ آپ (اجیت پوار) ان کے (شرد پوار کے ) نام کا فائدہ نہیں اٹھا سکتے ۔ جب انتخابات آتے ہیں تو آپ کو ان کے نام کی ضرورت ہوتی ہے اور جب انتخابات ختم ہو جائیں تو آپ کو ان کی ضرورت نہیں رہتی۔