احتجاجی کسانوں سے اظہار یگانگت‘ مولانا کلیم صدیقی او ربے قصور نوجوانوں کی گرفتاری پر تشویش اور مذمت

   

مسلم لڑکیوں کو ارتداد سے بچانے کیلئے اہل خاندان پر خصوصی توجہ کی ضرورت، تعمیر ملت کے جلسہ رحمۃ للعالمینؐ ا سے علماء واکابرین کا خطاب
حیدرآباد۔ 20؍اکتوبر( پریس نوٹ ) ۔ کل ہند مجلس تعمیر ملت نے احتجاجی کسانوں کے ساتھ یگانگت کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔ کسان معاشرے کا سب سے اہم طبقہ ہے جو نہ صرف انسانوں کے لئے بلکہ حیوانات کے لئے بھی غلہ اُگاتا ہے۔ تعمیر ملت نے اپنے 72ویں جلسہ یوم رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ سلم میں تین قراردادیں منظور کیں۔ جن میں سے ایک کسانوں کی تائید سے متعلق ہے۔ متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف کسان ایک سال سے زائد عرصہ سے ملک گیر احتجاج کررہے ہیں۔ تعمیر ملت نے شہرہ آفاق مبلغ دین مولانا کلیم صدیقی کی جبری مذہبی تبدیلی میں ملوث ہونے کے من گڑھت الزامات کے تحت گرفتاری، دہلی فسادات، پولیس کی جانبدارانہ رول، بے قصور مسلمانوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف سنگین الزامات کے تحت مقدمات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذمت بھی کی۔ اسلاموفوبیا اور ماب لنچنگ کے واقعات کی مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی۔ کل ہند مجلس تعمیر ملت کا جلسہ رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم نمائش میدان میں 19؍اکتوبر کو جناب ضیاء الدین نیر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں مولانا عبیداللہ خان اعظمی سابق رکن راجیہ سبھا، مولانا عمرین محفوظ رحمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، مولانا خالدسیف اللہ رحمانی کارگزار جنرل سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ، مولانا قاسم صدیقی تسخیر امریکہ نے شرکت اور مخاطبت کی سعادت حاصل کی۔ مولانا عبیداللہ خان اعظمی نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت، مقام نبوت سے سرفرازی اور آپ پر ختم نبوت، آپ کی ہجرت، آپ کی تعلیمات سب کچھ‘ تاریخ انسانی کے انقلابات ہیں۔ مولانا عبیداللہ خان اعظمی نے اللہ رب العزت خود رب العالمین ہے اور اپنے پیارے حبیب کو رحمۃ للعالمین بناکر مبعوث کیا۔ اپنی صفات سے سرفراز کیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو صحیح انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ جو بحران، بدگمانی، بدامنی پائی جاتی ہے اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے پیغام نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیگر برادران وطن تک جس طرح سے پہنچانا تھا نہیں پہنچایا۔ مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے دورِ حاضر اور سیرت نبوی کا پیغام کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ سرزمین ہند پر بسنے والے ہر انسان کے حق و انصاف کے لئے جدوجہد کرے۔ وہ ایس سی ایس ٹی جیسے سماج کے مظلوم اور کچلے ہوئے طبقات کے حقوق کے لئے بھی آواز اٹھائے، جدوجہد کرے۔ انہوں نے شخصیت اور کردار سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ مولانا عمرین نے کہا کہ ہندوستان پر مسلمانوں کا اتنا ہی حق ہے جتنا برادران وطن کا۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے آپ کو اس ملک کی ضرورت بنادے۔ اور اصلاح معاشرہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ مولانا عمرین نے ہندوستان میں شادی بیاہ میں بے جا اصراف پر تشویش کا اظہار کیا اور سادگی سے نکاح کی تلقین کی۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے ’’اصلاح معاشرہ سیرت طیبہ کی روشینی میں‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا اور کہا کہ مسلم لڑکیوں کو غیر مسلم لڑکوں کے ساتھ روابط، بے راہ روی اور ان سے شادی کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی اہم اور سنگین معاملہ ہے۔ اس کے لئے معاشرہ اور معاشرہ کا ہر فرد مساوی طور پر ذمہ دار ہیں۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کہا کہ کئی خاندان مل کر ایک معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ آج خاندانی نظام بکھرنے لگا ہے اور لڑکیاں بے راہ روی کی شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بیٹیوں کی جہیز میں لاکھوں روپئے دینے تو تیار ہیں مگر وراثت میں اس کا حصہ نہیں دیتے‘ معاشرتی بگاڑ کی یہ بھی ایک وجہ ہے۔مولانا مفتی حافظ قاسم صدیقی تسخیر نے بھی خطاب کیا۔ جناب عمر احمد شفیق معتمد عمومی تعمیر نے ’’تعمیر ملت کی کارکردگی سیرت طیبہ کی روشنی میں‘‘ زیر عنوان خطاب کیا۔ جناب ضیاء الدین نیر نے خیرمقدمی تقریر کی اور تعمیر ملت کی کارکردگی کی رپورٹ کی رسم اجراء انجام دی۔ صدر مجلس استقبالیہ جناب سید انیس الدین نے ساونیر کی رسم اجراء انجام دی اور طمانیت کا اظہار کیا کہ طویل عرصہ کے بعد تعمیر ملت کی جلسہ یوم رحمۃ للعالمین میں ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی ہے۔ حافظ و قاری ملک محمد اسماعیل علی خان کی قرأت کلام پاک سے 72ویں جلسہ یوم رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کا آغاز ہوا۔ تشکیل حسین رزاقی، ڈاکٹر قاری محمد طیب پاشاہ قادری اور شاہ نواز ہاشمی نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ اور عبدالرافع خاں مہاراشٹرا نے کلام اقبال پیش کیا۔ عزیزالرحمن نے تلگو میں تقریر کی۔ جناب وہاج الدین صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر محمد مشتاق علی نائب صدر تعمیر ملت نے قرارداد پیش کی۔ شہ نشین پر امریکہ میں مقیم ماہر نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین، نواب احمد عالم خان، جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ، جناب محمد خلیق الرحمن، جناب حامد محمد خان امیر جماعت اسلامی بھی موجود تھے۔ جناب ساجد رئوف نے بارگاہ رسالت مآب میں نذرانہ سلام پیش کیا۔ جناب سیف الرحیم قریشی نے شکریہ ادا کیا۔