احتیاطی قدم نہ اٹھانے پر صفائی عملے پر ہریش راؤ کی برہمی

   

بلدی علاقوں کا اچانک دورہ، ماسک اور دستانے استعمال کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے آج سدی پیٹ میونسپل کارپوریشن کے حدود میں اچانک دورہ کرتے ہوئے صحت و صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی عملے پر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کیلئے برہمی ظاہر کی۔ ہریش راؤ راستہ سے گزرتے ہوئے اپنی گاڑی سے اُتر گئے اور صفائی کرمچاریوں سے چہرے پر ماسکس اور ہاتھوں میں دستانوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے احتیاطی اقدامات کے طور پر ہر ایک کیلئے ماسک اور دستانوں کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے اس کے باوجود بلدی ملازمین کی لاپرواہی افسوسناک ہے۔ ہریش راؤ مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد شہر واپس ہورہے تھے کہ راستہ میں انہوں نے صفائی عملہ کو لاپرواہی کے ساتھ مصروف کار دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی صفائی کے دوران ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی طور پر کرنا چاہیئے۔ انہوں نے میونسپل کمشنر سرینواس ریڈی اور دیگر عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے ملازمین کو احتیاطی تدابیر سے واقف نہ کرانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر بلدی ملازم کو ماسک اور دستانے فراہم کئے جائیں تاکہ وہ وائرس کی زد میں آنے سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماسک کے استعمال سے وائرس دوسروں تک بھی نہیں پہنچے گا۔ کمشنر بلدیہ نے ضروری قدم اٹھانے کا تیقن دیا اور ہر بلدی ملازم کو ماسکس اور دستانے فراہم کئے جائیں گے۔