احمد شریف حکومت اے پی کے مشیر برائے اقلیتی امور

   

سینئر تلگودیشم قائد کو اہم عہدہ ، پارٹی حلقوں میں مسرت کی لہر
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اپنے دیرینہ ساتھی اور انتہائی سینئر لیڈر جناب محمد احمد شریف کو حکومت کا مشیر برائے اقلیتی امور مقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 1936 جاری کیا گیا ۔ اس فیصلہ سے پارٹی حلقوں میں مسرت کی لہر ہے۔ جناب محمد احمد شریف کی کابینی درجہ کے ساتھ اس عہدہ پر مدت دو سال ہوگی۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے بااعتماد رفیق کو اہم ذمہ داری دی ہے تاکہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ احمد شریف فی الوقت دونوں ایوانوں میں کسی کے رکن نہیں ہیں اور انہوں نے اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔ نندیال سے منتخب این محمد فاروق کابینہ میں وزیر اقلیتی بہبود ہیں۔ احمد شریف مارچ 1982 میں تلگودیشم پارٹی کے قیام کے وقت سے این ٹی راما راؤ سے قریب تھے۔ 1986-90 اور 1997-2000 میں دو مرتبہ آندھرا پردیش اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدرنشین رہے۔ وہ 2000 میں آندھرا پردیش ہاوزنگ کارپوریشن کے صدرنشین کے عہدہ پر فائز کئے گئے۔ 2015 میں انہیں قانون ساز کونسل کی رکنیت دی گئی اور 2017 میں کونسل میں گورنمنٹ وہپ مقرر کئے گئے۔2019 میں احمد شریف کو آندھرا پردیش قانون ساز کونسل کا صدرنشین مقرر کیا گیا اور ان کی کونسل کی میعاد 2021 میں ختم ہوئی تھی۔1