ادارہ سیاست کی سماجی خدمات کا طویل ریکارڈ

   

ایم ایل سی نامزد ہونے پر جناب عامر علی خان کو امریکہ سے عبداللہ کوثر کی مبارکباد
نظام آباد ۔ 30 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیو ز ایڈیٹر روزنامہ سیاست عامر علی خان کو گورنر کوٹہ میں ایم ایل سی نامزد کرنے پر عبداللہ کوثر متوطن نظام آباد حال مقیم امریکہ نے آج فون پر نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ عبداللہ کوثر نے امریکہ سے فون پر سیاست نیوز سے بھی بات چیت کی اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عامر علی خان گذشتہ کئی سالوں سے مسلمانوں کی ملی اور معاشی مسائل کو لیکر خدمات انجام دے رہے تھے اور ان کی خدمات قابل ستائش ہے ۔ عبداللہ کوثر نے کہا کہ عامر علی خان اور ان کے والد جناب زاہد علی خان اور ان کے دادا جناب عابد علی خان ہمیشہ ملی مسائل پر بے مثال خدمت انجام دی ۔ ملت کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے عبداللہ کوثر نے کہا کہ دوبہ دوپروگرام کے ذریعہ شادیوں کو آسان بنانا تعلیمی مسائل اور سیاست ملت فنڈ کے ذریعہ مسلم طلباء و طالبات کی تعلیمی اخراجات فراہم کرنا اور مسلم لاوارث نعشوں کی تجہیز و تکفین کے ذریعہ ایک اہم ذمہ داری انجام دے رہے ہیں ۔ ادارہ سیاست سماجی خدمات کا طویل ریکارڈ رکھتا ہے زندگی کا کوئی ایسا شعبہ نہیں ہے کہ جس میں ادارہ سیاست کی خدمات نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر گائیڈنس مسابقتی امتحانات کی کوچنگ سیاست کا اپنا ایک کارنامہ ہے۔ مسلم مسائل کو اجاگر کرنے، ایوان میں اپنی آواز کے ذریعہ مسائل کے حل کیلئے اہم خدمات انجام دینے کی توقع ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ جناب عامر علی خان لمبے عرصہ تک 12 فیصد تحفظات کی مہم چلائی جس کے سبب حکومتوں کو ایوا ن میں قرار داد پر مجبور ہونا پڑا تھا ۔ عامر علی خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کانگریس پارٹی گورنر کوٹہ میں انہیں نامزد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا ۔