اداکار چرنجیوی کا امیت شاہ کو مکتوب، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے حوالے

   

حیدرآباد، 21 نومبر (سیاست نیوز) نامور فلمی اداکار چرنجیوی نے مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال، ڈیپ فیک، مورفنگ اور وائس کلوننگ جیسے سنگین معاملات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے ان پر قابو پانے کے لیے سخت قوانین متعارف کرانے کی اپیل کی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے نام چرنجیوی کا مکتوب مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے ذاتی طور پر ان کے حوالے کیا۔ قبل ازیں امیت شاہ کے حالیہ دورہ حیدرآباد کے دوران بھی چرنجیوی نے ان سے ملاقات کر کے AI کے غلط استعمال کی وجہ سے فلمی شخصیات اور عام شہریوں کو درپیش مسائل سے واقف کروایا تھا۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ فنکاروں کی اجازت کے بغیر ان کے چہروں، آوازوں، تصاویر اور تخلیقی کاموں کی ڈیجیٹل نقل تیار کر کے ان کی برسوں کی محنت سے کمائی گئی ساکھ کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ اداکار نے دیوانی اور فوجداری قوانین کے تحت جرم کی نوعیت کے مطابق سخت سزاؤں، شکایات کے ازالے کے نظام کو مضبوط بنانے، نقصان دہ مواد کو فوری ہٹانے اور فلم و ٹیلی ویژن کے فنکاروں سمیت تخلیقی شعبے سے وابستہ افراد کے دانشورانہ املاک کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ 2