نئی دہلی : الیکشن کمیشن نے شیوسینا کی ادھو ٹھاکرے اور ایکنا شنڈے گروپ کو نیا نام اور انتخابی نشان الاٹ کردیا ہے۔ کمیشن نے شنڈے گروپ کا نام بالا صاحبچی شیوسینا جبکہ ادھو ٹھاکرے گروپ کو شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے نام الاٹ کیا ہے۔ وہیں ادھو گروپ کو مشعل کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ترشول اور گدا مذہبی وجوہات سے اور اگتا سورج دوسری پارٹی کا انتخابی نشان ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے شنڈے گروپ کو تینوں میں سے کوئی انتخابی نشان نہیں دیا۔ کمیشن نے ان سے نئے انتخابی نشان کی تجویز منگل کی صبح 10بجے تک مانگی ہے۔ شندے اور ادھو ٹھاکرے گروپ نے الیکشن کمیشن کو تین نام اور انتخابی نشان دئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے اندھیری ایسٹ ضمنی الیکشن میں شیوسینا کے نام اور انتخابی نشان کے استعمال پر عبوری روک لگا دی تھی۔کمیشن نے انتخابی نشان کیلئے دونوں گروپوں کو پیر تک کا وقت دیا تھا۔