اراضی رکھنے والے غریبوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے کی امداد

   

فصلوں کے نقصانات پر فی کس 10 ہزار روپئے جاری کرنے کا فیصلہ، چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حالیہ غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصانات پر حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امداد کی عاجلانہ تقسیم کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں تباہ شدہ فصلوںکیلئے امداد کے مسئلہ پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے چیف سکریٹری شانتی کماری اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کسانوں کو امدادی رقم جلد ادا کی جائے۔ جائزہ اجلاس میں جنگلاتی اراضیات، بھیڑ بکریوں کی تقسیم، غریبوں کے مکانات کی تعمیر پر امداد اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری کے علاوہ اسپیشل چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، سکریٹری ریوینیو سنیل متل، سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ، سکریٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ راہول بوجا، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ اور چیف منسٹر دفتر کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے 4 اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے حال ہی میں فصلوں کو نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد متاثرہ کسانوں کو فی ایکر 10 ہزار روپئے کی امداد کا اعلان کیا تھا۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا کہ وہ نقصانات کے بارے میں سروے کا کام جلد مکمل کریں۔ حکومت کی جانب سے بھیڑ بکریوں کی تقسیم کے دوسرے مرحلہ کے آغاز کی چیف منسٹر نے ہدایت دی۔ مکانات کی تعمیر کیلئے غریبوں کی امداد کے سلسلہ میں چیف منسٹر نے کہا کہ اراضی رکھنے والے مستحق خاندانوں کو حکومت کی جانب سے 3 لاکھ روپئے کی امداد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری سے کہا گیا کہ اس سلسلہ میں عمل آوری کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ چیف سکریٹری سے کہا گیا ہے کہ اسکیم پر عمل آوری کیلئے قواعد و ضوبط اور رہنمایانہ خطوط طئے کریں۔ درج فہرست قبائل کو جنگلاتی اراضیات کی تقسیم کیلئے بھی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ 4 لاکھ ایکر اراضی ایک لاکھ 55 ہزار مستحق افراد میں تقسیم کرتے ہوئے پٹہ جات جاری کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے سری رام نومی کے موقع پر 30 مارچ کو بھدرا چلم میں کلیان مہااُتسوم کیلئے ایک کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو تقاریب کے شایان شان انعقاد کی ہدایت دی۔ر