دیانت اور ایمانداری سے خدمات
پر زور، کمشنر رچہ کنڈہ سدھیر بابو کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) اراضی معاملات میں دلچسپی پولیس ملازمین کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے چونکہ رچہ کنڈہ کے نئے پولیس کمشنر نے اراضی معاملات میں دلچسپی دکھانے اور شخصی فائدے کیلئے اختیارات کا استعمال کرنے والے ملازمین کو انتباہ جاری کیا ہے اور سخت گیر نتائج کی دھمکی دی ہے۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مسٹر سدھیر بابو نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں عہدیداروں کو اس بات کا انتباہ دیا اور خاطی ملازمین کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ شہر کے نواحی علاقوں پر محیط رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ میں اراضیات کے تنازعات اور سٹیلمنٹ کے واقعات پائے جاتے ہیں جس میں پولیس پر جانبداری اور معاملات کی یکسوئی کے بھی الزامات ہیں۔ ایسی صورت میں کمشنر کا یہ بیان کافی اہمیت کا حامل بن گیا ہے۔ مسٹر سدھیر بابو نے آج کے اجلاس میں مختلف امور پر روشنی ڈالی اور پولیس ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے درمیان رہیں اور عوام سے خوشگوار تعلقات کو ترجیح دیں۔ع