اراضی کے جعلی دستاویزات کی تیاری کا معاملہ

   

دو افراد گرفتار، ربر اسٹامپس وغیرہ ضبط، ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /4 اگست (سیاست نیوز) اراضیات کے جعلی دستاویزات اور اسٹامپ پیپرس کی تیاری میں ملوث دو افراد کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 62 سالہ کے سریش کمار جو پیشہ سے رئیل اسٹیٹ تاجر ہے اپنے دو ساتھیوں 40 سالہ محمد علی ساکن نیو بھوئی گوڑہ سکندرآباد اور پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے ستیش کی مدد سے اراضیات کی جعلی دستاویزات تیار کررہا تھا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس ایس چیتنیا کمار نے کہا کہ سریش کمار اور اس کے ساتھی کو اسٹامپ پیپرس فروخت کرنے کا لائسنس ہے اور اس کی آڑ میں قدیم اسٹامپ پیپرس فروخت کررہے تھے جس کی مدد سے اراضیات کے جعلی دستاویزات بھی تیار کئے جارہے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ خواہشمند افراد کو مذکورہ دستاویزات فروخت کئے جاتے تھے جس کیلئے بھاری رقومات حاصل کیا کرتے تھے ۔ ٹاسک فورس نے سریش کمار اور محمد علی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے جعلی دستاویزات ، ربر اسٹامپ وغیرہ ضبط کرتے ہوئے ان کے خلاف مزید کارروائی کیلئے پولیس اسٹیشن گاندھی نگر کے حوالے کردیا گیا ۔