انقرہ : صدر رجب طیب اردغان نے اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ایوان صدر کے سوشل میڈیا پیج پر جاری بیان کے مطابق اس بات چیت میں ترکیہ اور اٹلی کے باہمی تعلقات، خطے میں اسرائیل کے حملوں اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدراردغان نے اس دوران کہا کہ ترکیہ اور اٹلی کے تعلقات ہر گزرتے دن مزید پیش قدمی کر رہے ہیں اور کئی شعبوں بالخصوص دفاعی صنعت میں پْرعزم اقدامات کے ساتھ دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔صدراردغان نے کہا کہ اسرائیل نے تمام انتباہات کو نظر انداز کر کے مشرق وسطیٰ میں آگ کے دائرے کو وسعت دی ہے، عالمی برادری کے لیے ضروری ہے کہ یہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے مل کر کام کرے۔ انہوں نے بتایاکہ اٹلی کی حمایت سے ترکیہ کے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کے لیے اقوام متحدہ میں اٹھائے گئے اقدام کو تقویت ملے گی۔صدراردغان نے کہا کہ لبنان اور اقوام متحدہ کے مشنز کے ساتھ ساتھ غزہ سمیت فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے حملے ناقابل قبول ہیں، اسرائیل کی جارحیت پر اٹلی کے ردعمل کی ترکیہ نے پذیرائی کی ہے ، ترکیہ خطے میں قیام ِامن کے لیے اپنی کوششیںجاری رکھے گا۔