وطن واپس لانے اقدامات کی اپیل ۔ ویڈیو جاری کیا
حیدرآباد 10 اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے 12مزدور اردن میں انتہائی ابتر حالت میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں اور انہیں واپس لانے فوری اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے ان مزدوروں نے ویڈیو جاری کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو کے مطابق 25ستمبر 2024 کو تلنگانہ سے اردن کیلئے روانہ ہونے والے یہ مزدور کئی ماہ سے پریشان پھنسے ہوئے ہیں اور واپس آنے کوشش کر رہے ہیں لیکن ان کے ویزا‘ بنیادی سہولتوں سے متعلق مسائل کے علاوہ کام کی جگہ پر ہراسانی کے سبب واپسی سے بھی قاصر ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹراویل ایجنٹ درمیانی فرد نے ان افراد کو بہترملازمت اور اجرت کے علاوہ سہولتوں کی فراہمی کا جھانسہ دیتے ہوئے 2 لاکھ روپئے فی کس وصول کئے اور اردن روانہ کردیا لیکن اردن پہنچنے کے بعد کام کی جگہ اور مزدوری دیکھتے ہوئے ان مزدوروں کو اندازہ ہوا کہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے اور اس کے بعد سے مشکل حالات کا شکار ہیں لیکن اب ہراسانی میں اضافہ ہوچکا ہے اور کوئی ان کی سنوائی نہیں ہورہی ہے تو ان افراد نے ویڈیو بناکر جاری کیا جس پر سابق وزیر ہریش راؤ نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت ہند اور حکومت تلنگانہ دونوں کو ہی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اورمطالبہ کیا کہ ریاست سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ان افراد کی واپسی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔ مسٹر ہریش راؤ نے این آر آئی ویلفیر بورڈ کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کے متعلق استفسار کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے دریافت کیا کہ آخر کب ریاستی حکومت تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے غیر مقیم ہندستانیوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں عملی اقدامات کا آغاز کرے گی!3