اسپیکر اسمبلی نے صدرنشین کونسل اور ریاستی وزراء سے مشاورت کی، آدرش نگر میں ایم ایل اے کوارٹرس کی اراضی کا انتخاب
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے ارکان کے علاوہ سابق ارکان کیلئے حیدرآباد میں کانسٹی ٹیوشن کلب کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلہ میں آج اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار کے چیمبر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا ، وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو، نائب صدرنشین کونسل بنڈا پرکاش مدیراج، لیجسلیچر سکریٹری نرسمہا چاری، سکریٹری سیاحت پرکاش ریڈی اور عمارات و شوارع محکمہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ آدرش نگر نیو ایم ایل اے کوارٹرس کی اراضی پرکانسٹی ٹیوشن کلب تعمیر کیا جاسکتا ہے۔ کلب کی تعمیر کیلئے محکمہ آر اینڈ بی کو جلد ہی ڈیزائن تیار کرنے کی اسپیکر اور صدرنشین کونسل نے ہدایت دی۔ راجستھان اور دہلی میں ارکان مقننہ اور سابق ارکان کیلئے موجود کانسٹی ٹیوشن کلب کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی سکریٹری لیجسلیچر کو ہدایت دی گئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ حیدرآباد کا کانسٹی ٹیوشن کلب ارکان کیلئے مثالی رہے گا۔ کانسٹی ٹیوشن کلب کو سوسائٹی کی طرح رجسٹرڈ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ تلنگانہ کانسٹی ٹیوشن کلب ارکان کی بہتر سہولتوں کے ساتھ ملک کیلئے ایک ماڈل ثابت ہوگا۔ اسپیکر پرساد کمار نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کانسٹی ٹیوشن کلب کیلئے ایک موزوں اور قابل دید ڈیزائن تیار کریں۔1