ارکان پارلیمنٹ عوام کیلئے رول ماڈل بنیں

   

یوم دستور کو ’’فرائض کا تہوار‘‘ کے طو ر پر منائیں : اسپیکر لوک سبھا
نئی دہلی ۔ 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے آج ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو اپنے دستوری فرائض کی ادائیگی میں عوام کیلئے ایک رول ماڈل ہونا چاہئے۔ دستور کی اہمیت اور اس کے فرائض کا حوالہ دیتے ہوئے اسپیکر نے کہاکہ اگر ہندوستانی شہری اپنے فرائض سے منہ موڑ لیں اور صرف حقوق کی بات کریں تو اس سے عدم توازن پیدا ہوتا ہے اور ملک کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔ 70 ویں یوم دستور کے موقع پر ایوان پارلیمنٹ کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ ایک بہترین موقع ہے کہ ارکان پارلیمنٹ صرف اپنے حقوق سے استفادہ نہ کریں بلکہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے ذریعہ عوام کیلئے رول ماڈل بنیں۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے منگل کو ہندوستانی آئین کو ملک کی تہذیب و ثقافت اور آدرشوں کاعکاس بتاتے ہوئے ’یوم آئین‘ کے دن کو ’بنیادی فرائض کا تہوار‘ کے طور پر منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دستور پر عمل کرتے ہوئے نئے ہندوستان کی تعمیر کی جا سکتی ہے ۔مسٹر برلا نے آئین اپنانے کے 70 ویں سالگرہ پر پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں منعقد خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین ہمارا رہنما ہے ۔اس کا مثبت استعمال کر کے اسے اور مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ ایسی مثال پیش کریں جس سے ایک پیغام جائے اور لوگ اپنے فرائض پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ آئین نے بنیادی انسانی زندگی کے ہر پہلو کو منظم کیا ہے۔ اداروں کا احترام کیا جانا چاہیے اور ملک کی خودمختاری کو محفوظ رکھا جانا چاہیے ۔ آئین سے جہاں شخصی آزادی کو طاقت ملی ہے وہیں آئین ہمیں نظم و ضبط بھی سکھاتا ہے ۔