اسد اویسی مسلمانوں سے زیادہ کے سی آر کے وفادار: محمد علی شبیر

   

حیدرآباد: سابق وزیر محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ صدر مجلس اسد اویسی مسلمانوں سے زیادہ کے سی آر کے وفادار ہیں۔ سکریٹریٹ کے احاطہ میں دونوں مساجد کی شہادت پر مجلسی قیادت کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ خوشی کی بات ہے اسد اویسی کو ابھی بھی بابری مسجد یاد ہے لیکن وہ سکریٹریٹ میں اپنے قریبی دوست کے سی آر کی جانب سے دو مساجد کے انہدام پر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ حال ہی میں میڈیا کے نمائندوں کے دورہ سے یہ ثابت ہوگیا کہ دو مساجد اور ایک مندر کو جان بوجھ کر منہدم کیا گیا اور ان کا انہدام محض حادثاتی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسد اویسی تلنگانہ کے باہر کی مسجد کے بارے میں بات کر رہے ہیں لیکن اپنی آبائی ریاست میں مساجد کے انہدام پر خاموش ہیں۔