اسرائیلی آرمی چیف کا غزہ میں فوجی آپریشن جاری رکھنے کا اعلان

   

تل ابیب : 6 اگست ( یو این آئی ) اسرائیلی آرمی چیف نے غزہ میں فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر نے کہا ہے کہ فوج غزہ میں اپنی پیشگی کارروائیاں جاری رکھے گی۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف نے غزہ کے دورہ کے دوران کہا کہ ہم نے حماس کو نمایاں طور پر کمزور کیا ہے اور سکیورٹی کی صورتحال کو تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں پیشگی کارروائیاں جاری رکھیں گے، خطرات کا خاتمہ کریں گے اور اسرائیلی آبادیوں اور شہریوں کا دفاع کریں گے۔اسرائیلی آرمی چیف نے مزید کہا کہ اس کی ایک واضح مثال حماس کے عسکری ونگ کی خصوصی فورس “نخبا” کے اہلکاروں اور 7 اکتوبر کے حملے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں شریک افراد کا تعاقب ہے۔اسرائیلی آرمی چیف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل بورڈ آف پیس کے غزہ نمائندے نکولائے ملادینوف نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں حماس کو غیرمسلح کرنے اور غزہ کا انتظام شہری حکومت کے حوالے کرنے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بورڈ آف پیس کے نمائندے نے معاہدے پر پیش رفت کے دوران اسرائیل پر زور دیا تھا کہ وہ غزہ پر اپنے حملے روک دے۔