اسرائیلی بربریت کے خلاف انصاف پسند عوام کا مظاہرہ

   

ورنگل میں ایس آئی او کا احتجاجی پروگرام، مغربی دنیا کے منافقانہ رول کی مذمت

ورنگل۔ 14 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دنیا کے تمام انصاف پسند لوگ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے متحد ہیں اسی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن ( SIO) کے زیر اہتمام ورنگل میں احتجاجی مظاہرے کئے اور فلسطین کی آزادی اور انصاف کی جدوجہد میں معصوم فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کا اظہار کیا گیا ۔ ایس آئی او ورنگل کی آواز پر انصاف پسند عوام نے احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیتے ہوئے اسرائیلی قبضے اور بربریت کے خلاف آواز بلند کی ۔اس احتجاجی پروگرام میں خصوصا نوجوان طبقہ کی کثیر تعداد نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ۔ شہر ورنگل کے پوچمامیدان سرکل پر منعقدہ اس احتجاجی پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے ورنگل سٹی پریسڈنٹ ایس آئی او جناب محمد فہیم الدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں ہورہے انسانیت سوز مظالم مغربی دنیا کے منافقانہ اور دہشت گردانہ چہرے کو بے نقاب کرتے ہیں ۔مسلسل تین ماہ سے فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم ہورہاہے اور عالمی طاقتیں صہیونی ریاست کے ساتھ اس ظلم میں کھڑی ہوئی ہے ۔ایسے میں عالمی سطح پر انسانیت دوست اور امن پسند شہریوں کی جانب سے اس قسم کے احتجاجی مظاہرے عالمی طاقتوں کے خلاف جرات مندانہ اقدام ہے ۔فہیم الدین نے کہا کہ جنوبی آفریقہ کی قیادت کو شہر ورنگل سے سلام پیش کیا جاتا ہے جنھوں نے اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے بڑی بے باکی سے انسانیت کی نمائندگی کی ہے ۔اس احتجاجی پروگرام میں ایس آئی او سٹی سکریٹری ابوالا علی حمزہ ،عبداللہ فضل ،مبین علی ،دیگر ذمہ داروں کے علاوہ ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی ۔