اسرائیلی بمباری :لبنان کا سلامتی کونسل کو باضابطہ شکایت کرنے کا فیصلہ

   

بیروت : لبنان کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو کہا ہے کہ اس نے ملک کے جنوب میں مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سرکاری شکایت پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزارت نے ایک ٹویٹ میں مزید کہا کہ اسرائیلی بمباری اور حملہ جمعہ کو صبح کے وقت کیا گیا۔ یہ حملہ جان بوجھ کر کیا جانے والا حملہ تھا اور یہ لبنان کی خودمختاری اور سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1701 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ایسے حملوں سے لبنان کے جنوب میں استحکام کو خطرہ ہے۔واضح رہے جمعرات کو لبنان کی جانب سے شمالی اسرائیل پر کئی راکٹ فائر کیے گئے تھے۔ اس کے بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے کئی قصبوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی اور غزہ کی پٹی پر شدید فضائی حملے کیے۔ اس دوران بین الاقوامی برادری نے تمام فریقوں سے امن اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔لبنانی وزارت خارجہ نے کہا کہ شکایت درج کرنے کا فیصلہ نگراں وزیر اعظم نجیب میقاتی سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔میقاتی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں لبنانی سرزمین سے کسی بھی فوجی کارروائی کی مذمت کی گئی جس سے استحکام کو خطرہ ہو۔ اس حوالے سے حزب اللہ کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔ قبل ازیں لبنان سے اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کیے جانے سے قبل حزب اللہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار ہاشم صفی الدین نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوجیوں کے دھاوے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ الاقصیٰ کی کسی بھی خلاف ورزی سے پورے خطے میں آگ بھڑک اٹھے گی۔