اسرائیلی جارحیت فوری بند کرانے پاکستان کی دنیا سے اپیل

,

   

اسلام آباد : پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو فلسطین کے عوام کے خلاف اپنی جارحیت ختم کرنے پر راضی کرے اور فلسطین کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔وزیر خارجہ فلسطینی امن مشن ‘ او آئی سی اور عرب لیگ کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کے لیے طلب کیے گئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں۔پاکستان نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مشترکہ مؤقف اختیار کرنے کے لیے فلسطین، سوڈان اور ترکی کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔واضح رہے کہ کووڈ 19 وبا کے پھیلاؤ کے بعد اقوام متحدہ کا یہ پہلا اجلاس ہوگا جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بذات خود شریک ہوئے جبکہ اس سے قبل گزشتہ تمام ملاقاتیں ورچوئل تھیں۔اپنی آمد کے فوراً بعد شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے ورکنگ ڈنر کی میزبانی کی تاکہ فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔وزیر خارجہ نے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہمیں اْمید ہے کہ یو این جی اے کا اجلاس اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور فلسطین کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے لیے ایک مضبوط پیغام بھیجے گا’۔عشائیہ میں مقبوضہ فلسطین کی بگڑتی صورتحال اور یو این جی اے اجلاس سے قبل او آئی سی ممبر ممالک سے متفقہ اور غیر متزلزل ردعمل دینے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی گئی۔ترکی کے وزیر خارجہ میولوت کاووسوگلے، فلسطین کے وزیر خارجہ ویاض المالکی، تیونس کے وزیر خارجہ عثمان جراندی اور جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر نے اس عشائیہ میں شرکت کی۔شاہ محمود قریشی نے نشاندہی کی کہ اسرائیل کی جانب سے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف بلا امتیاز طاقت کے استعمال نے پوری امت مسلمہ کو مشتعل کردیا ہے۔انہوں نے اسرائیلی اقدامات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے خواتین اور بچوں سمیت متعدد بے گناہ جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔