اسرائیلی حملے جاری، غزہ میںمزیداموات ،عالمی برادری تماشائی

,

   

غزہ : عالمی برادری، امریکہ اور اسلامی ملکوں کی بار بار جنگ بندی کی اپیلوں کے باوجود فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے اب تک 237 فلسطینی شہید اور 1300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جب کہ حماس کے راکٹ حملے 12 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے ہیں میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں کشیدگی دوسرے ہفتے میں جاری ہے جس میں اب تک اسرائیلی حملوں میں 237 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ شہدا میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔ فلسطینیوں کے راکٹ حملوں میں 12 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔اپیلوں کے سواء عالمی برادری خاموش تماشائی ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسلحہ اور گولہ بارود ذخیرہ کرنے کے لیے بنائی گئی سرنگوں پر تباہ کرنے کا عمل پہلی ترجیح کے طور پر جاری رہے ۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے فلسطینیوں کے راکٹ حملوں دو اسرائیلی فوجیوںکی ہلاکت کے بعد سخت جواب دینے کی دھمکی دی ہے ۔ جنوبی اسرائیل میں یہودی کالونیوں کی قیادت سے ملاقات میں نتن یاہو نے کہا کہ غزہ میں انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی مزید کئی روز جاری رہے گی۔دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ لائڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب بینی گینٹز سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے غزہ میں تشدد کا سلسلہ فوری روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ ان کاکہنا ہے بے گناہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کی ہلاکتیں ناقابل قبول ہیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کوئی شخص یا جگہ ہمارے حملوں سے محفوظ نہیں۔ ہمارے پاس غزہ میں کئی اہداف ہیں اور ہم ہر ہدف کو نشانہ بنائیں گے ۔قبل ازیں منگل کو غزہ سے عسقلان کے علاقے میں داغے گئے راکٹ حملے میں دو اسرائیلی ہلاک اور کم سے کم 10 زخمی ہو گئے تھے ۔
حماس کے ٹیکنیکل آفس کو اڑادیاگیا
اسرائیلی فضائیہ نے شمالی غزہ پٹی میں جنگجو تنظیم حماس کے ٹیکنیکل آفس کو بمباری کرکے تباہ کر دیا ہے۔ تل ابیب میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے چہارشنبہ یہ اطلاع دی۔ آئی ڈی ایف نے ٹویٹ کیا کہ کچھ وقت پہلے ہی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے حماس کے ٹیکنیکل آفس کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا اور یہ کاروائی جابلیہ علاقے میں کی گئی ہے۔غورطلب ہے کہ مشرقی یروشلم میں قدیم زمانے سے آباد فلسطینی خاندانوں کو منصوبہ بند ڈھنگ سے ہٹانے کے سلسلے میں اسرائیل اور فلسطین کے مابین حالیہ برسوں میں زبردست جنگ ہوئی ہے جس میں دونوں جانب کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی باغیوں نے غزہ پٹی سے اسرائیلی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے سینکڑوں راکٹ داغے تھے اور اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے بھی اس کا سخت جواب دیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے جاری ان جھڑپوں میں فلسطین میں 61 بچوں سمیت 200 سے زائد افراد کی موت ہوئی اور ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسرائیل میں 10 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے اور 50 سے زائد افراد سنگین طور پر زخمی ہیں۔