اسرائیلی زیادتیوں کو منظر عام پرلانے کیلئے یوروپ میں ابلاغی مہم کا آغاز

   

لندن ۔19 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یوروپ، فلسطین رابطہ گروپ کے زیر اہتمام یوروپی ملکوں میں سوشل میڈیا پر اسرائیلی نسل پرستی اور فلسطینی نکبہ کے 71 سال کے عنوان سے سوشل میڈیا پر مہم شروع کی گئی ، یہ مہم تاریخی ارض فلسطین پر صیہونی ریاست کے قیام کے 71 سال پورے ہونے اور فلسطینیوں کے حقوق کے مسلسل غاصبانہ قبضے کی یاد میں شروع کی گئی ہے ۔فلسطینی انسانی حقوق کارکنوں نے یوروپی ممالک میں ایک نئی ابلاغی مہم شروع کی ہے جس کا مقصد فلسطینیوں کے خلاف صیہونی ریاست کے جرائم اور نسل پرستی کو بے نقاب کرنا ہے ۔یہ مہم ایک ماہ تک جاری رہے گی جس میں یوروپی ممالک میں عوامی سطح پر فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کے جرائم، اسرائیلی نسل پرستی اور فلسطینیوں کی عمومی زندگی پر مرتب ہونے والے اسرائیلی ریاست کے قبضہ کے اثرات کے بارے میں تصاویر اور معلومات شیئر کی جائیں گی۔مہم کے دوران یوروپی ممالک کی حکومتوں، یوروپی پارلیمانی اداروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں، انسانی حقوق کے گروپوں اور فلسطینیوں کی حمایت میں کام کرنے والی تنظیموں تک خصوصی پیغامات پہنچائے جائیں گے ۔

اسرائیلی وزیر اعظم کی جرمن پارلیمان کی تعریف
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اسرائیل ناقد تحریک (بی ڈی ایس) کے خلاف قرارداد منظور کرنے پر جرمن پارلیمان کی تعریف کی ہے۔ نیتن یاہو نے دیگر ممالک سے جرمنی کی پیروی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ جرمن پارلیمان نے بی ڈی ایس کی جانب سے اسرائیلی مصنوعات اور کاروباری اداروں کے ساتھ ساتھ اہم اسرائیلی شخصیات کے بائیکاٹ کرنے کی درخواست کی مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس تحریک کی جانب سے پیش کیے جانے والے دلائل اور طریقہ کار سامیت دشمن دکھائی دیتے ہیں۔