اسرائیلی صحافی کی معذرت خواہی

   

دبئی۔ مکہ مکرمہ میں غیر مسلموں کے داخلے پر پابندی کے باوجود اسرائیلی صحافی نے مقدس شہر میں داخل ہوکر ٹیلی وڑن رپورٹ بنانے پر شدید تنقید کے بعد معافی مانگ لی۔اب سوال یہ ہے کہ پابندی کے باوجود ایک غیر مسلم شخص مکہ مکرمہ میں داخل کس طرح ہوپایا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس عمل کو اسرائیل کے علاقائی تعاون کے مسلمان وزیر عیساوی فریج نے خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کیلئے نقصان دہ اور احمقانہ عمل قرار دیا ہے۔ اسرائیل کے چینل 13 نیوز نے پیر کو اپنے صحافی گل تماری کی سعودی عرب سے 10 منٹ کی ایک رپورٹ نشر کی جس میں وہ مقدس مقامات کی جانب گاڑی میں سفر کرتے نظرآئے۔ ویڈیو رپورٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گل تماری کے ہمراہ ایک مقامی گائیڈ بھی موجود ہے جس کا چہرہ چھپایا گیا تھا تاکہ شناخت نہ کی جا سکے۔اسرائیلی وزیر عیساوی فریج نے سرکاری نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے افسوس ہے لیکن ایسا کام کرنا اور اس پر فخر کرنا ایک احمقانہ عمل تھا، صرف ریٹنگ کی خاطر اس رپورٹ کو نشر کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور نقصان دہ تھا۔