اسرائیلی فوج کا چلتی گاڑی پر حملہ،5 فلسطینی جاں بحق

   

بیروت : مغربی کنارے کے شمال میں طوباس شہرمیں ایک چلتی گاڑی کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں پانچ فلسطینی جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کی ہے۔اسرائیلی فوج نے ٹیلی گرام ایپ پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا کہ اس نے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف خطرہ بننے والے مسلح افراد پر تین فضائی حملے کیے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق، اسرائیلی فوج نے طوباس میں الفارعہ پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول دیا جہاں بعد ازاں دھماکے سنے گئے۔اس سے قبل 28 اگست کو اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شمال میں جنتین، طوباس اور طولکرم میں فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔رملہ میں فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک 40 فلسطینیوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 140 سے زیادہ ہے۔