اسرائیلی فوج کی جارحیت میں مزید 76 فلسطینی شہید، 110 زخمی

   

غزہسٹی : گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں مزید 76 بے گناہ فلسطینی شہید اور 110 زخمی ہوگئے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں صہیونی فوج کی بربریت جاری ہے۔ خان یونس اور غزہ کے شمالی علاقوں میں صہیونی فوج کی جارحیت سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔ترجمان اشرف القدرہ کے مطابق طوفان الاقصی کے بعد سے اب تک تقریبا 30 ہزار فلسطینی شہید اور 70 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود اسرائیلی حکومت جنگ بندی کے لئے تیار نہیں ہے۔ اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی قراردادوں کو بھی امریکہ نے کئی مرتبہ ویٹو کردیا ہے۔

غزہ میں فوری طور پر ظلم و ستم ختم کیا جائے : ڈبلیو ایچ او
جنیوا : ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے بتایا کہ غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی پوسٹ میں گیبریئس نے زور دے کر کہا کہ غزہ میں 70 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ خوفناک تشدد اور مصائب کا خاتمہ ہونا چاہیے اور جنگ بندی قائم کی جانی چاہیے۔