اسرائیلی ٹینکر پر حملہ ، ایران کو جواب دینے کا امریکی اعلان

   

واشنگٹن؍ لندن ۔ برطانیہ اور امریکہ نے بحیرۂ عرب میں اسرائیلی ٹینکر پر حملے کا الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ امریکہ اور برطانیہ نے عمان کے قریب اسرائیل کے آئل ٹینکر پر مبینہ ڈرون حملے کا الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے دانستہ طور پر جہاز کو نشانہ بنایا، جو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔گزشتہ ہفتہ مرسر اسٹریٹ جہاز پر حملے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس میں ایک برطانوی شہری تھا، جب کہ دوسرے کا تعلق رومانیا سے بتایا گیا ہے۔ اس ٹینکر کی مالک ایک اسرائیلی کمپنی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہاہے کہ اس حوالے سے جو بھی معلومات دستیاب ہیں، ان کے جائزے سے ہم پْراعتماد ہیں کہ ایران نے ہی ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے یہ حملہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ واشنگٹن اپنے دوسرے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس بات پر غور کر رہا ہے کہ اس کا اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔ ہم اس پر اپنے اگلے مناسب اقدامات کے بارے میں خطے اور اس کے باہر کی حکومتوں کے ساتھ صلاح و مشورے میں مصروف ہیں، جو آگے آنے والا ہے۔