اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کا مرتکب : پاکستان

   

اسلام آباد: پاکستان کے نگران وفاقی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہیکہ غزہ اور فلسطین کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، وہاں پر ہونے والی تباہی کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، غزہ میں خاندانوں کے خاندان ختم ہو چکے ہیں، پاکستان کی حکومت مسئلہ فلسطین کے حل اور فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، پچھلے دیڑھ ماہ کے دوران وہاں پر جو تباہی ہوئی ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، 18 ہزار سے زائد شہادتیں اور 40 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، غزہ تقریبا تباہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اسرائیلی مظالم کو نسل کشی قرار دیا ہے، دنیا کو اس مسئلے کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خاندانوں کے خاندان غزہ میں ختم ہو چکے ہیں لاکھوں بچے بے یار و مددگار ہیں۔