انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے اسرائیل کے لبنان پر حملوں کے حوالے سے کہا کہ ہم بھی حیران ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل کو روکنے کے لیے مزید کس چیز کا انتظار کر رہی ہے۔کابینہ اجلاس کے بعد صدر اردغان نے موجودہ صورتحال پر تبصرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ہر موقع پر یہ بتاتے رہے ہیں کہ اسرائیل غزہ تک محدود نہیں رہے گا بلکہ خطے کے دیگر ممالک کی جانب بھی اپنی نظریں دوڑائے گا۔اسرائیل کے لبنان پر حالیہ حملوں نے ہماری تشویش کی درستگی ثابت کر دی ہے، اسرائیل کی اقوام متحدہ کی عبوری امن فورس پر حملہ کرنے اور دھمکیاں دینے کی حد تک گستاخی اس معاملے کی سنجیدگی کو ظاہر کرنے کے لیے کافی ہے، اقوام متحدہ کا اپنے ہی اہلکاروں کی حفاظت کرنے میں ناکام ہونا بین الاقوامی نظام کے لیے شرمناک اور تشویشناک ہے، ہم بھی حیران ہیں کہ سلامتی کونسل اسرائیل کو روکنے کے لیے مزید کس چیز کا انتظار کر رہی ہے، اسرائیلی ٹینک امن فورس کے فوجیوں پر حملہ کر رہے ہیں کچھ کو زخمی کر رہے ہیں، اور سلامتی کونسل ان تمام غنڈہ گردیوں کو خاموشی سے دیکھ رہی ہے۔