اسرائیل میں مقیم ہندوستانیوں کو محتاط رہنے کا مشورہ

   

نئی دہلی : اسرائیل پر حماس کے بنیاد پسندوں کے اچانک حملہ کے بعد پورے اسرائیل میں صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ اس تناظر میں ہندوستانی سفارت خانے نے اسرائیل میں ہندوستانی شہریوں کیلئے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ تل ابیب میں ہندوستانی سفارت خانے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ اسرائیل کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہندوستان کے شہریوں کو ہائی الرٹ رہنا چاہیے۔ مقامی حکام کی طرف سے تجویز کردہ حفاظتی پروٹوکول پر عمل کریں۔ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ محفوظ کیمپوں کے قریب رہیں۔ ہنگامی صورت حال میں سفارت خانے کے عملہ سے رابطہ کریں۔