تل ابیب : اسرائیل کی نئی حکومت 29 دسمبر کو ملک کی پارلیمنٹ میں حلف لے گی۔ اسرائیلی میڈیا نے پیر کو یہ اطلاع دی۔یروشلم پوسٹ نے لیکوڈ پارٹی کے لیڈر بنجامن نیتن یاہو کے اراکین پارلیمنٹ کے نام پیغامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کو نیسیٹ سے منظوری دی جائے گی اور جمعرات کو باضابطہ طور پر اقتدار میں آئے گی۔ یہ اجلاس 29 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہونے کا امکان ہے ۔ نیتن یاہو نے 22 دسمبر کو اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو بتایا کہ انہوں نے کامیابی کے ساتھ نئی حکومت تشکیل دی ہے اور نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب 2 جنوری تک ہونی چاہیے ۔ نیتن یاہو کی پارٹی نے دائیں بازو کے اتحادی پارٹنر کے طور پر یکم نومبر کو قبل از وقت پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ انہیں 13 نومبر کو صدر سے ملک کی نئی حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملا۔ مینڈیٹ 11 دسمبر کو ختم ہونا تھا لیکن صدر ہرزوگ نے اُس میں توسیع کردی ۔ نیتن یاہو 1996-1999 اور 2009-2021 تک اسرائیل کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔