اسرائیل کی القدس ہاسپٹل بھی تباہ کرنے کی دھمکی

   

تل ابیب : غزہ میں زخمیوں سے بھرے ہاسپٹل پر بمباری کے بعد اسرائیل نے القدس ہاسپٹل تباہ کرنے کی دھمکی بھی دے دی۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم نے اسرائیلی دھمکی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس ہاسپٹل خالی کرنے کے مبینہ احکامات پریشان کن ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریضوں سے بھرے ہاسپٹل کو محفوظ طریقے سے خالی کرنا ممکن نہیں۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عام شہریوں اور مریضوں کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ لبنانی علاقے سے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ مصر میں رفاہ کراسنگ پر امدادی ٹرک غزہ تک رسائی کی اجازت ملنے کے منتظر ہیں ۔یاد رہے کہ 17 اکتوبر کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں زخمیوں سے بھرے ہاسپٹل پر بمباری کی تھی جس سے بچوں اور خواتین سمیت 500 فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں شدید زخمی ہو گئے تھے۔